بنگلورو، 2؍نومبر(ایس او نیوز) رام نگرم اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی امیدوار چندر شیکھر کے میدان سے ہٹ جانے پر چراغ پا بی جے پی نے الیکشن کمیشن سے رجوع ہوکر مانگ کی ہے کہ رام نگرم اسمبلی حلقے کے انتخاب کو روک کر اسے کسی اگلی تاریخ تک ملتوی کردیا جائے۔
آج بی جے پی کے ایس سی / ایس ٹی مورچہ کے قومی جنرل سکریٹری رامو کی قیادت میں ایک وفد نے مرکزی الیکشن کمیشن ، ریاستی چیف الیکٹورل افسر وغیرہ کو روانہ کئے گئے میل میں کہا ہے کہ بی جے پی امیدوار کو ضمنی انتخابات سے سیاسی دباؤ کے نتیجے میں میدان سے ہٹنے پر مجبور کیاگیا ہے۔ ریاستی بی جے پی قائدین بھی وفد میں شامل رہے ، وفد نے آج ریاست کے چیف الیکٹورل افسر سنجیو کمار سے ملاقات کرکے شکایت پیش کی اور مطالبہ کیا کہ کسی بھی حال میں رام نگرم اسمبلی کا انتخاب ملتوی کردیا جائے۔
بی جے پی نے دعویٰ کیاکہ انتخابات سے امیدوار کو ہٹالینے کے متعلق جو فیصلہ ہوا ہے اس سے پارٹی کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔یہ الزام لگایا گیا کہ بی جے پی امیدوار کو بھاری رقم کا لالچ دے کر مقابلے سے ہٹایا گیا ہے، اسی لئے اس حلقے میں انتخاب کا عمل شفاف قرار نہیں دیاجاسکتا۔
وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی کے استعفے کے سبب مخلوعہ رام نگرم حلقے کی نشست پر ضمنی انتخاب ہورہا ہے، اس حلقے سے بی جے پی نے چندر شیکھر کو پارٹی میں شامل کیا اور کانگریس رکن کونسل سی ایم لنگپا کے فرزند کو میدان میں اتار دیا۔لیکن انتخابات سے 48 گھنٹے قبل چندر شیکھر نے بی جے پی قائدین پر عدم تعاون کا الزام لگاتے ہوئے انتخابی دوڑ سے ہٹنے کا فیصلہ اور بی جے پی سے مستعفی ہوکر کانگریس میں لوٹ آئے ، اسی بات کو بنیاد بناکر آج بی جے پی وفد نے چیف الیکٹورل افسر سنجیوکمار سے ملاقات کے دوران مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس ضلع میں انتخاب کو ملتوی کیا جائے تاکہ تمام پارٹیوں کے امیدوار دوبارہ انتخاب لڑ سکیں۔